نوجوانوں کی صحت یقینی بنانے کی جانب ایک اہم اقدام کرتے ہوئے حفاظت ایپ لانچ کر دی گئی۔
اسکول آف لیڈرشپ فاوٴنڈیشن اور یو این ایف پی اے کی تیار کردہ حفاظت ایپ کے بارے میں افتتاحی تقریب میں بتایا گیا کہ تولیدی صحت، خواتین کے مسائل، خاندانی منصوبہ بندی، بلوغت اور دماغی صحت سمیت مختلف مسائل اور موضوعات پر ضروری معلومات براہ راست صارفین تک پہنچا ئی جا سکیں گی۔
اس ضمن میں کہا گیا کہ صارفین سے نوجوانوں کو قریبی کلینک سے رابطہ قائم کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ضروری صحت کی خدمات تک آسان رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
اسکول آف لیڈرشپ فاوٴنڈیشن اور یو این ایف پی اے کی جانب سے تیار ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں یو این ایف پی اے پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر لوئے شبانے نے کہا کہ اس حفاظت ایپ کا آغاز ایک امید افزا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایپ ہمارے نوعمروں اور نوجوانوں کو صحت کے اہم مسائل کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہم اسے پائیدار بنا سکتے ہیں۔
تقریب میں اہم اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی، جن میں نوجوان رہنما، صحت کے ماہرین اور حکومتی نمائندے شامل تھے، جنہوں نے نوجوانوں کے لیے قابل رسائی صحت کے وسائل کی اہمیت پر بات کی۔
افتتاح کے موقع پر صحت ایپ کے ڈیمو اوراس سے متعلق سرگرمیوں نے ایپ کی خصوصیات کو ظاہر کیا، جس سے شرکا کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ ایپ اس کی پوری صلاحیت کے ساتھ کیسے استعمال کی جاسکتی ہے۔