وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پوری کرنے کے لیے مختلف کاروباری شعبوں کی سیل (فروخت) کو دستاویزی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں فیڈل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 107 کمپنیوں کو 31 دسمبر تک ایف بی آر سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز یعنی زیادہ طلب کی حامل اور جلد فروخت ہونے والی کم قیمت اشیا والی 107 ایف ایم سی جی کمپنیوں کو ریئل ٹائم ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم سے لنک کیا جائے گا۔
سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے ساتھ مینوفیکچرز کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے، مینوفیکچرنگ سے سپلائی اور اینڈ کنزیومر تک پوری چین کو مانیٹر کیا جائے گا۔
رجسٹریشن یقینی بنانے کے لیے ایک نجی کمپنی کو لائسنس بھی جاری کر دیا گیا پے۔ فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز میں خوراک، مشروبات، دوائیں، گھریلو استعمال کی اشیا اور ڈسپوزیبل آئٹمز وغیرہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پورے ملک میں لارج ٹیکس پیئر یونٹس کو کمپنیوں کا ڈیٹا بھی شیئر کر دیا گیا ہے۔