چکوال کی فوزیہ جنجوعہ نے امریکا میں تاریخ رقم کردی

پاکستانی نژاد امریکی خاتون فوزیہ جنجوعہ نے ایک نئی تاریخ رقم کردی، فوزیہ امریکی ریاست نیو جرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل سے میئر منتخب ہوئی ہیں۔

انہوں نے اپنے شوہر اور چار بیٹوں کے ہمراہ تقریب میں ہاتھ میں قرآن تھامے نیو جرسی کے قصبے ماؤنٹ لارل کے ٹاؤن شپ ہال میں تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران نیوجرسی اسٹیٹ کی خاتون کیرول مرفی جو رُکنِ اسمبلی و امیدوار برائے کانگریس بھی ہیں، نے فوزیہ جنجوعہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

فوزیہ جنجوعہ نے اپنے نئے منصب کی حلف برداری کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے پاکستانی ہونے پر فخریہ الفاظ بھی ادا کیے۔

تصویر: کیرول مرفی/ایکس
انہوں نے کہا کہ ’مجھے تاریخ کی پہلی پاکستانی اور مسلمان خاتون کے طور پر میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور یہ مجھ سمیت ہم سب پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے۔‘

اُردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’میرے والد کا تعلق چکوال اور والدہ لاہور سے ہیں۔ میرے والد 70 کی دہائی میں امریکا آئے تھے اور میری پیدائش امریکا میں ہی ہوئی‘۔

فوزیہ جنجوعہ کے مطابق انہوں نے امریکا سے تعلیم حاصل کی اور کمیونٹی سروس کرنا ان کا شوق رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں یہاں غریب و نادار بچوں سمیت قیدیوں کو پڑھاتی رہی ہوں۔ میرا شوق تھا کہ میں لوگوں کی مدد کر کے ان کی زندگیاں آسان بناؤں۔ میں نے ایک غیرسرکاری تنظیم بھی قائم کی جس کے تحت کمیونٹی سروس میں فعال کردار ادا کرتی رہی ہوں‘۔

اپنے سیاسی سفر کے حوالے سے فوزیہ جنجوعہ نے بتایا کہ ’ہماری ریاست کے گورنر کے ہاں ایک پارٹی ہو رہی تھی جہاں میری ملاقات ایک خاتون سے ہوئی۔ مجھے اُس خاتون نے بتایا کہ آپ میں صلاحیت ہے اور آپ اس شہر کی قیادت کر سکتی ہیں‘۔

فوزیہ جنجوعہ نے ڈپٹی میئر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مسلمانوں کی اچھائیوں کو دنیا کے سامنے لانے کے حوالے سے بھی کاوشیں کی ہیں۔

اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں کارروائی آج سے شروع

اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں دائر جنگی جرائم کے مقدمے کی سماعت آج ہوگی۔ غزہ میں جاری اقدامات کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے یہ درخواست جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی عوام اورنسل کوتباہ کررہا ہے۔ کیس کی سماعت آج 11 اور 12 جنوری کو ہوگی۔

غزہ میں نسل کشی کیخلاف اس درخواست کے بعد انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کے پراسیکیوٹر آفس نے اس حوالے سے اپنا ڈیجیٹل پلیٹ فارم عوامی شکایات کے لیے کھول دیاہے جس سے دنیا بھر کے لوگ غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے ثبوت آن لائن جمع کروا سکیں گے۔

پاکستان ، مالدیپ اورنمیبیا کی جانب سے بھی جنوبی افریقہ کے موقف کی حمایت کی گئی ہے۔ اس کیس کو نیا بھر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے دانشوروں، بین الاقوامی ماہرین قانون کی حمایت حاصل ہے۔

جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی تعلقات کے محکمے کے ترجمان کلیسن مونیلا کا کہنا ہے کہ انسانیت کیخلاف جرائم اور جنگی جرائم کے ارتکاب کی اور ایسی رپورٹس بھی مل رہی ہیں جو قتل عام یا ان جرائم کے تقاضوں پر پوری اترتی ہیں جن کی وضاحت 1948 کے نسل کشی کی روک تھام اورسزا کے کنونشن میں کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے آئین کے آرٹیکل 31، پیراگراف 2 اور 3 کے تحت، عدالت کے سامنے کسی ایسے کیس کی ریاستی فریق جس کے بینچ میں اس کی قومیت کا کوئی جج نہیں ، اس مخصوص کیس میں ایڈہاک جج کے طور پر بیٹھنے کے لیے کسی شخص کا انتخاب کرسکتا ہے۔ جنوبی افریقہ نے جسٹس ڈیک گینگ موسینیکے سے رابطہ کیا ہے جو بینچ میں آئی سی جے کے دیگر ججوں کے ساتھ شامل ہونے اور اسرائیل کے خلاف ہمارے کیس کی سماعت کرنے پرراضی ہوگئے ہیں۔

عالمی عدالت انصاف نے آفیشل ایکس ہینڈل پر پوسٹ میں کہا کہ جنوبی افریقہ نے اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے آئی سی جے سے اسرائیل کیخلاف مقدمہ چلانےکی درخواست کی ہے۔

یہ درخواست دائر کرنے والے جنوب افریقہ کا موقف ہے کہ اسرائیل کے اقدامات نسل کشی ہیں، وہاں کی فوج جان بوجھ کر فلسطینیوں کو قتل کر رہی ہے اورغزہ کے بڑے حصے کو تباہ کردیا گیا ہے۔ طاقت کے اس استعمال کا مقصد فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی ہے اور یہ نسل کشی کنوشن کی خلاف ورزی ہے۔

اسرائیل کا موقف
اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلون لیوی نے وائس آف امریکا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ 7 اکتوبر کو حماس نےنسل کشی کا ارتکاب کیاہے۔ حماس نے ایک واحد مقصد کے ساتھ ڈیتھ اسکواڈ بھیجے جس میں زیادہ سے زیادہ اسرائیلیوں کو جلانے، سرقلم کرنے، تشدد کرنے، مسخ کرنے، قتل عام،ریپ اوراغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ حماس کا مشن تھا اور تب سے،ہم حماس کو دوبارہ ایسا کرنے سے روکنے اور یرغمالوں کو واپس لانے کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔“

شمالی وزیرستان میں گیس کے ذخائر دریافت

اسلام آباد / پشاور: ماڑی پیٹرولیم نے خیبر پختون کے علاقے شمالی وزیرستان میں گیس کے ذخائر دریافت کر لیے۔

اعلامیے کے مطابق گیس وزیرستان میں شیوا2 کنویں کی کھدائی کے دوران دریافت ہوئی، کنویں کی 4577 میٹر تک کھدائی کی گئی۔

شیوا 2 کنویں سے 0.607 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی جس سے ملکی گیس ذخائر میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ کنویں کی کھدائی 2 جون 2023 کو شروع کی گئی تھی۔

پی ایس ایل لائیو اسٹریمنگ اور براڈکاسٹ حقوق کی مالیت میں بڑا اضافہ

لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ لائیو اسٹریمنگ اور براڈکاسٹ حقوق کی مالیت میں 2024 اور 2025 کے ایڈیشنز کیلیے بالترتیب 113 اور 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بڈز میں کامیاب ہونے والے ایک نجی ٹی وی نے 2024 اور 2025 ایڈیشنز کو نشر کرنے کیلیے جو بولی جمع کرائی وہ گذشتہ 2برسوں کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے، ایک اور کامیاب کمپنی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2024 اور 2025 کو لائیو اسٹریم کرنے کیلیے ٹینڈرز میں جو بولی وہ گذشتہ 2برسوں کی قدر سے 113 فیصد زیادہ ہے۔

سب سے زیادہ بولیوں کی منظوری کیلیے مجاز اتھارٹی کو سفارش بجھوادی گئی ہے۔چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بڈز میں کامیاب کمپنیز، پی سی بی کی انتظامی کمیٹی اور فرنچائزز کو مبارکباد دیتا ہوں، ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بہت بڑا برانڈ اور اس کے مداحوں کی بڑی تعداد ہے۔

ہم سب ایونٹ شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔کمشنر پی ایس ایل نائلہ بھٹی نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر ڈومیسٹک براڈ کاسٹ رائٹس کے معاملے میں ہم تھوڑا ڈرے ہوئے تھے لیکن گذشتہ سے بہتر معاہدہ پانے میں کامیاب ہوئے، یہ دراصل ایچ بی ایل پی ایس ایل کی مقبولیت اور کامیابی کا نتیجہ ہے۔

فلمیں فلاپ ہوئیں تو سب نے کہا میرا کیریئر ختم ہوگیا، شاہ رخ خان

نئی دہلی: بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ کچھ سال پہلے جب اُن کی فلمیں فلاپ ہوئیں تو سب نے کہا تھا کہ فلمی دُنیا میں اُن کا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔

شاہ رخ خان نے سال 2023 میں ایک کے بعد ایک سُپر ہٹ فلمیں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ دینے کے بعد یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ہی بالی ووڈ کے بادشاہ ہیں، میگا اسٹار کی ان تینوں فلموں نے باکس آفس پر حکمرانی کرتے ہوئے کئی ریکارڈ توڑے۔

بالی ووڈ کنگ کی اسی ریکارڈ توڑ کامیابی کے پیشِ نظر 10 جنوری کو نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران اُنہیں ’سی این این نیوز 18 انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، اس موقع پر شاہ رخ خان نے تقریر کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا وہ وقت یاد کیا جب اُن کی فلمیں فلاپ ہوئیں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ “ہر انسان کو پُرسکون رہ کر محنت کرنی چاہیے اور ایسی محنت کا پھل بھی بہترین ہوتا ہے، میں بھی اسی طرح محنت کرنے پر یقین رکھنا ہوں”۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی ‘ڈنکی’، ‘جوان’ اور ‘پٹھان’ سے پیچھے رہ گئی

اداکار نے کہا کہ “میں ایک خوش مزاج انسان ہوں اور میں اپنی فلموں میں بھی ایسے کردار کرنا پسند کرتا ہوں جنہیں دیکھ کر میرے مداحوں کو اُمیدیں ملیں”۔

اُنہوں نے اپنے کیریئر کا بُرا وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ “کچھ سال پہلے میری فلمیں فلاپ ہوئیں تو لوگوں نے مجھے کہا کہ بالی ووڈ میں اب تمہارا کیریئر ختم ہوگیا ہے، مجھے دُکھ ہوا لیکن اُس مشکل وقت نے مجھے سیکھایا کہ خاموشی سے محنت جاری رکھو اور پھر اپنی محنت کے اچھے نتائج کا انتظار کرو”۔

شاہ رخ خان نے ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ ملنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہوں لیکن میں یہاں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں ایوارڈ ملنے سے پہلے بھی ایک بھارتی تھا اور آنے والے سالوں میں بھی بھارتی ہی رہوں گا”۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کی 2024 کی پہلی فلم کی تفصیلات سامنے آگئیں

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی 2023 کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ 21 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم اب تک پوری دنیا سے 400 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔

صدر نے جسٹس مظاہر نقوی کا استعفیٰ منظورکرلیا

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ منظورکرلیا.

صدر مملکت نے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفیٰ وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت منظور کیا۔ سپریم کورٹ میں اب دو ججز کی آسامیاں خالی ہوگئی ہیں۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنے استعفے میں کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات تھی کہ میں لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا جج رہا، وہ حالات جو عوامی علم میں ہیں اور پبلک ریکارڈ پر ہیں، ایسے حالات میں میرے لیے بطور جج سپریم کورٹ عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہیں، بطور جج سپریم کورٹ عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

استعفے کے بعد جسٹس مظاہر نقوی اب پینشن اور دیگر مراعات کے حقدار ہوسکتے ہیں، اگر سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ پر ہٹاتی تو پینشن اور دیگر مراعات سے بھی ہاتھ دھونا پڑتے۔

لاپتا افراد کی تصاویر سوشل میڈیا پر نشر کرنے کا حکم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر شہریوں کو بازیاب کرانے کے لیے تصاویر سوشل میڈیا پر نشر کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حکم دے دیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات ہوئے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ 21 جے آئی ٹیز اور 16 صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ہو چکے ہیں۔

اہلخانہ نے کہا کہ محمد زبیر 2014 بغدادی سے لاپتا ہوا تھا اب تک کہیں سے اس کا سراغ نہیں ملا، 2014 سے پولیس اسٹیشن اور عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ پریشان نہ ہوں ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں آپ کو انصاف ملے گا۔ دوسرے لاپتا شہری کے اہلخانہ نے کہا کہ حسن دلاور 2015 لانڈھی سے لاپتا ہوا تھا اب تک کوئی پتہ نہیں کہاں ہے کس حال میں ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کتنی جے آئی ٹیز ہوچکی ہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ 30 جے آئی ٹیز اور 12 صوبائی ٹاسک فورس اجلاس ہوچکے ہیں۔ لاپتا شہری کے اہلخانہ نے کہا کہ ثاقب آفریدی بھی 2015 سچل سے لاپتا ہوا تھا۔ عدالت نے انوسٹیگیشن افسر سے استفسار کیا کہ لاپتا شہری کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن نے کہا کہ 22 جے آئی ٹیز اور 15 صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ہوچکے ہیں، تلاش جاری ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسران پر اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ 22، 22 جے آئی ٹیز کے باوجود بھی لاپتا شہریوں کا سراغ نہیں لگایا گیا۔ تین لاپتا شہریوں کے اہلخانہ نے عدالت کو بتایا کہ سید نوید علی ساحل پولیس اسٹیشن سے، ظفر اقبال سائٹ سپر ہائی وے سے اور اعزاز حسن ناظم آباد سے لاپتا ہوئے ہیں۔

ہائیکورٹ نے تفتیشی افسران کو لاپتا شہریوں کی تلاش جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر نشر کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے تمام لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ماڈرن ڈیواسسز کے استعمال کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ایس پی انویسٹی گیشن سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔

سائفر کیس ٹرائل کا حکم امتناع واپس، 14 دسمبر کے بعد کی کارروائی کالعدم قرار

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے سائفر کیس ٹرائل کا حکم امتناع واپس لیتے ہوئے 14 دسمبر کے بعد کی کارروائی کالعدم قرار دے دی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کے اِن کیمرہ ٹرائل کے خلاف اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ واضح رہے کہ عدالت نے سائفر کیس کا ٹرائل روک رکھا ہے۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وکیل سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے۔ اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل دیے، جس کے بعد وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 14 دسمبر کے آرڈر کے بعد کی کارروائی کالعدم قرار دی جائے ۔ انہوں نے تسلیم کر لیا ہے کہ 14 دسمبر کا آرڈر درست نہیں تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل صاحب اگر آپ کارروائی کو واپس لے جانا چاہتے ہیں تو وہاں سے کریں جب آرڈر پاس ہوا تھا ۔ اس حوالے سے باقاعدہ آرڈر بھی جاری کریں گے ۔ جس پر اٹارنی جنرل نے ان کیمرہ کارروائی کو ازسرنو کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 13 گواہوں کے بیانات دوبارہ ریکارڈ کرانے کے لیے تیار ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے سائفر کیس ٹرائل کی 14 دسمبر کے بعد کی تمام کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم امتناع ختم کردیا۔

نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانے کو لڑکی سے زیادتی کے جرم میں 8 سال قید کی سزا

نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانے کو لڑکی سے زیادتی کے جرم میں قید کی سزا سنا دی گئی۔

نیپال کی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سندیپ لامیچانے پر لڑکی سے زیادتی کا جرم ثابت ہوا تھا عدالت نے کہا تھا کہ زیادتی کے وقت لڑکی نابالغ نہیں تھی اور سزا آئندہ ماہ سنائی جائے گی۔

تاہم اب 10 جنوری کو کھٹمنڈو کی عدالت نے سندیپ لامیچانے کو 8 سال قید کی سزا سنائی اور ساتھ ہی ان پر 2255 امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

اس کے علاوہ عدالت نے سندیپ لامیچانے کو مثاثرہ خاتون کو 1500 امریکی ڈالر دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لامیچانے کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہم عدالت کے  اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کریں گے۔

واضح رہے  ستمبر 2022میں مبینہ طور پر 17 سالہ لڑکی نے سندیپ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کرکٹر نے کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں اس کے ساتھ زیادتی کی۔

لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں سندیپ لامیچانے کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے اور بعد ازاں انہیں ملک واپسی پر ائیرپورٹ سے گرفتار بھی کیا گیا۔

گزشتہ سال 12 جنوری کو لامیچانے کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواست پر ہائی کورٹ نے کرکٹر کو 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم پھر دسمبر میں ان پر جرم ثابت ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ سندیپ لامیچانے نیپال کے لیے 100 سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جبکہ انہوں نے  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) ، بگ بیش لیگ (بی بی ایل ) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) میں بھی ٹیموں کی نمائندگی کی۔

سندیپ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

لکی مروت: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک، دو فوجی اہلکار شہید

لکی مروت: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دور اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس کے نتیجے میں دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جن کی شناخت آفتاب ملنگ اورمسعود شاہ کے نام سے ہوئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اورمعصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو بہادر سپاہی محمد افضل اور ابرار حسین شہید ہوگئے جبکہ علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔