کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی حکمران لبرل پارٹی نئے رہنما کا انتخاب کرے گی وہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقتدار میں 2015 سے رہنے والے 53 سالہ ٹروڈو نے ایک طویل سیاسی بحران کے بعد دارالحکومت اوٹاوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ’میں پارٹی لیڈر اور بطور وزیر اعظم مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا کہ وہ نو سال کے عہدے پر رہنے کے بعد حکمران لبرل کے رہنما کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن جب تک پارٹی کسی متبادل کا انتخاب نہیں کرتی وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔
ٹروڈو، جن پر لبرل قانون سازوں کی جانب سے آئندہ انتخابات سے متعلق پارٹی کے لیے ناموافق پولز کی وجہ سے مستعفی ہونے کا شدید دباؤ ہے، نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ پارلیمنٹ مارچ تک معطل رہے گی۔
اس کا مطلب ہے کہ جسٹن ٹروڈو اب بھی 20 جنوری کو وزیر اعظم ہوں گے، جب امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالیں گے۔
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے جس سے کینیڈا کی معیشت کو ’تباہ‘ ہونے کا خطرہ ہے۔