وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کے سرغنہ عثمان ججہ کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی۔
وزیر اعظم نے انسانی اسمگلر عثمان ججہ کو گرفتار کرنے والے انٹیلیجینس بیورو اور ایف آئی اے کے ہر افسر و اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دیا۔
عثمان ججہ 2024 میں یونان کشی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داران میں مرکزی کرداروں میں سے ایک ہے۔
وزیرِ اعظم کو ایف آئی اے اور انٹیلی جینس بیورو کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جاری کاروائیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے مکروہ فعل میں ملوث افراد قیمتی جانوں کے ضیاع اور پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔ اس مکروہ عمل کے باعث کئی لوگ اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے، ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ادارے اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ججہ گینگ کو گرفتارکرنا لائق تحسین ہے، انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم کے مرتکب عناصر کی سرکوبی حکومتی ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کالے دھندے میں ملوث افراد نے پاکستان کے تشخص کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی، انسانی اسمگلنگ کا دھندا مکمل طور پر بند کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہاں مدعوکرنے کامقصد آپ کی کارکردگی کو سراہنا ہے، ججہ گینگ کو گرفتار کرنا لائق تحسین ہے، ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت داخلہ و انسداد منشیات طلال چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔