تازہ تر ین

ایبسلوٹلی ناٹ! امریکا نے فرانس کو عمران خان کے انداز میں جواب دے دیا

امریکا نے اپنی شناختی علامت سمجھے جانے والے مجسمہ آزادی کو واپس کرنے کے مطالبے پر سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے انداز میں صاف انکار کردیا۔

خیال رہے کہ ‘اسٹیچو آف لبرٹی’ یعنی مجسمہ آزادی دنیا کے مشہور ترین یادگاروں میں سے ایک ہے، جو امریکا کے شہر نیویارک میں ‘لبرٹی آئی لینڈ’ پر واقع ہے۔

یہ مجسمہ فرانس نے 1886 میں امریکہ کو تحفے میں دیا تھا تاکہ امریکا کی آزادی کی 100ویں سالگرہ اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو منایا جا سکے۔

تاہم گزشتہ نومبر میں منتخب ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعدسے ایسے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں جنہیں انسانی و معاشرتی اقدار و حقوق کی خلاف ورزی سمجھا جارہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری مدت کے 2 ماہ کے اندر ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر، وفاقی حکومت کے اداروں سے سیکڑوں ملازمین کو برطرف کرنے اور امریکی حکومت کے زیر سرپرستی چلنے والے کئی فلاحی اداروں کی بندش اور تحقیقاتی اداروں کی فنڈنگ میں کٹوتی جیسے اقدامات نمایاں ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے ان اقدامات پر نہ صرف امریکا کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اسی سلسلے میں یورپی پارلیمنٹ کے فرانسیسی رکن رافیل گلکسمین نے امریکا سے مجسمہ آزادی واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کو مجسمہ آزادی (Statue of Liberty) واپس لے لینا چاہیے کیونکہ امریکا اب ان اقدار کی نمائندگی نہیں کرتا جس کی وجہ سے فرانس نے مجسمہ پیش کیا۔

یہ مجسمہ فرانسیسی عوام کی جانب سے امریکہ کیلئے تحفہ سمجھا جاتا ہے، اسے فرانس کے آگسٹ بارتھولڈی نے ڈیزائن کیا، جبکہ اس کا دھاتی ڈھانچہ مشہور انجینئر گستاو ایفل (Gustave Eiffel) نے تیار کیا، جو بعد میں ایفل ٹاور کے خالق بنے۔

فرانسیسی سیاستدان کی جانب سے امریکا سے کیے جانے والے اس مطالبے پر جب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولن لیویٹ سے سوال کیا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ مجسمہ آزادی واپس کرنے والے ہیں۔

جس کے جواب میں امریکی عہدیدار نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی ٹون میں صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایبسلوٹلی ناٹ’۔

ساتھ ہی انہوں نے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بے نام اور کم سطح کے فرانسیسی سیاستدان کو یہ یاد کروانا چاہتی ہوں کہ یہ امریکا ہی تھا جس کی وجہ سے آج آپ فرنچ بولتے ہیں جرمن نہیں۔

اصل میں پریس سیکریٹری نے جنگ عظیم دوم میں جرمن افواج کے خلاف فرانسیسی افواج کو امریکا کی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے یہ جواب دیا۔

خیال رہے کہ ‘ایبسلوٹلی ناٹ’ یعنی بالکل بھی نہیں، یہ لفظ سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امریکی صحافی کے سوال کے جواب میں کہے جانے کے بعد سے ایک استعارہ بن چکا ہے۔

دورِ اقتدار کے دوران ہوئے اس انٹرویو میں عمران خان سے غیر ملکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد افغانستان میں کسی قسم کی کارروائی کے لیے امریکا کو پاکستانی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق سوال کیا گیا تھا۔

جس کے جواب انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا تھا کہ ‘ایبسلوٹلی ناٹ’، ہم پاکستانی سرزمین سے افغانستان کے اندر کسی قسم کی کارروائی کرنے کے لیے اڈوں کے استعمال کی اجازت نہیں دیں۔

ان کے اس جواب کو ان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خوب ہائپ دی گئی اور اسے ان کی جرات کا مظاہرہ قرار دیا گیا تھا۔

تاہم اقتدار سے بے دخل ہونے کا الزام امریکی سائفر پر لگانے کے بعد خود امریکا سے ہی مدد مانگنے پر ان کے سیاسی مخالفین اسی جواب کے تناظر میں ان کا مذاق بھی اڑاتے نظر آئے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain