پاکستان نے حسن نواز کی برق رفتار سنچری کی بدولت تیسرے ٹی 20 انٹرنیشل میں نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی بولرز کی بہتر بولنگ کی بدولت 19.5 اوورز میں پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ نے مارک چیپ مین کی 94 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 204 رنز بنا کر پاکستان کو 205 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین آفریدی، ابرار احمد، عباس آفریدی نے 2،2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا شاندار آغاز کیا، محمد حارث اور حسن نواز نے برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 67 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، پاکستانی اوپنرز نے ابتدائی 4 اوورز میں 51 رنز بنائے۔
محمد حارث 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر جیکب ڈفی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کپتان سلمان علی آغا کریز پر آئے نوجوان حسن نواز کا بھرپور ساتھ دیا۔
پاکستان نے حسن نواز کی 7 چھکوں اور 10 چوکوں پر مشتمل 105 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت 205 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا، کپتان سلمان علی آغا نے بھی 31 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
یوں پاکستان نے 205 رنز کا ہدف 16 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں سے دو میچ نیوزی لینڈ نے جیتے ہیں اور آج کا میچ پاکستان کے نام ہوا ہے۔ سیریز کے بقیہ دو میچ 23 اور 26 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔