پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماہِ رمضان کے اختتام پر آج بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الفطر منائی جارہی ہے۔
اس پُرمسرت موقع پر جہاں شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات کی جانب سے عید مبارک کے پیغامات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں، معروف پاکستانی اداکار عمران عباس نے عید پر منفرد پیغام دیکر مداحوں کے دل جیت لیے۔
ویڈیو کے آغاز میں عمران عباس نے کہا کہ ‘یہ کُرتا جو اِس وقت میں نے پہنا ہوا ہے، یہ آج سے 14 سال پہلے میں نے اپنے ہم ٹی وی کے سیریل ‘میرا نصیب’ میں پہنا تھا جو میرے بہت ہی پیارے دوست عبدالصمد نے ڈیزائن کیا تھا’۔
عمران عباس نے کہا کہ ‘بتانے کا مقصد یہ ہے کہ عید پر دنیا بھر میں ہمارے بہت سے بہن بھائی ایسے بھی ہیں جو عید پر نئی کپڑے خریدنے کی اسطاعت نہیں رکھتے، وہ دل چھوٹا مت کریں، جس طرح میں نے آج اپنے 14 سال پرانے کپڑے دوبارہ پہنے ہیں، یہ ہم میں سے کوئی بھی کر سکتا ہے’۔
اُن کا کہنا تھا کہ ‘ہم ہر ایونٹ، ہر شادی، ہر تقریب، ہر عید، ہر تہوار کیلئے نئے کپڑے بناتے ہیں، لیکن ہم بھول جاتے ہیں کہ ہمارے بہت سارے بہن بھائی ایسے ہیں جو نئے کپڑے خریدنے کی اسطاعت نہیں رکھتے’۔
عمران عباس نے اپنے مداحوں کو ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ‘آئیے! ایک ٹرینڈ سیٹ کرتے ہیں کہ اگر ہم پُرانے کپڑے پہن لیں تو کوئی معیوب بات نہیں، اسے عید پر اپنے تمام بہن بھائیوں کو یاد رکھیے، جو ہماری طرح عید نہیں منا سکتے’۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ‘عید منائیے خوشیوں کے ساتھ، اپنوں کے ساتھ، آپ جہاں بھی ہیں، آپ کو میری طرف سے بہت بہت عید مبارک’۔
کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عمران عباس کے اس خوبصورت پیغام کو بھرپور انداز میں سراہا جارہا ہے۔