بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے قبل گیٹ 5 پر تنازعہ کھڑا ہوگیا، ملاقات کے لیے نامزد کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجا کو اجازت نہ ملنے جیل حکام سے دوبارہ تکرار ہوئی۔
اعظم خان سواتی، نادیہ خٹک، تابش فاروق، مبشر اعوان اور انصر کیانی کو اجازت مل گئی جبکہ سلمان اکرم راجہ، شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو روک لیا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے میں نے نام دیے لیکن مجھے اجازت نہیں ملی۔
سلمان اکرم راجہ نے گیٹ پانچ پر عملے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جیلر صاحب آپ نمبر پورے کر رہے ہیں، ہم دو افراد کو روک رہے ہیں، آپ پہلے مجھے اور نیاز اللہ نیازی کو بھجیں۔
جیلر نے کہا کہ ہم پہلے ان کو اندر بھیجتے ہیں پھر جو بھی نام آئے ہم اجازت دے دیں گے۔
سلمان اکرم راجا نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری لسٹ کے مطابق صرف اعظم سواتی کو ملاقات کے لیے بھجوایا گیا، باقی نام ہماری لسٹ کے مطابق کیوں نہیں لیے گئے۔
جیل عملہ کی جانب سے بار بار انصر کیانی ایڈووکیٹ اور تابش فاروق ایڈووکیٹ کو اندر بھجوانے کی ہدایت کی گئی جس پر سلمان اکرم راجہ نے دونوں کو اندر جانے سے دوبارہ روک دیا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آپ ہمیں اندر بجھوائیں اور ہمارے بعد ان کو بھی بجھوا دیں لیکن نمبر پورے نہ کریں، اگر آپ ہمیں اندر نہیں بھجواتے تو کوئی بھی اندر نہیں جائے گا، اگر آپ ان کو ملاقات کے لیے بھجوائیں گے تو خان صاحب ناراض ہوں گے، عدالتی احکامات میں واضح لکھا ہے کہ مجھ سمیت بیرسٹر گوہر اورانتظار پنھوتہ جو نام دیں گے انہیں کی ملاقات ہوگی۔
واضح رہے کہ جیل حکام سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کی درخواست کی گئی تھی۔