جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جبر اور ظلم کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، غلامی سے بغاوت ہماری پہچان ہے۔
تونسہ میں جے یو آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمران ہماری غربت کا ناجائز فائدہ اٹھار ہے ہیں، دوسرے ممالک سے آزادی کی بھیک مانگی نہیں جاسکتی کیونکہ ہم سب کے مسائل ایک جیسے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری غربت کو کمزوری سمجھ کر جاگیردار اور حکمران اسے استعمال کررہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا میں مسلمانوں پر آگ برسائی جاری ہے اور ہمیں دہشت گرد بھی کہا جاتا ہے، دنیا میں آگ لگانے والے فسادی ہیں۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں آج بھی امریکا اور مغربی کی غلامی کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے مگر ہم چڑھتے سورج کے آگے سر نہیں جھکا سکتے، کئی اسلامی ممالک بین الاقوامی سازش کی وجہ سے آگ میں جل رہے ہیں، غزہ، افغانستان، شام اور لبنان آگ میں جل رہے ہیں۔