پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل سابق چیمپئین فرنچائز کے مالک علی ترین کے بیانات پر کرکٹ بورڈ نے بھی جوابی وار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ عہدیدار نے پی ایس ایل کی معروف فرنچائز ملتان سلطانز کے اونر علی ترین کے بیانات پر سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ انکے بیانات سے ٹورنامنٹ کو متنازع بنانے کی کوشش ہے۔
اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کے مطابق ہمیں فرنچائز مالکان کے خلاف ڈسپلن کی کارروائی کا اختیار ہے لیکن اس موقع پر ہم نے ردعمل دکھایا تو اس سے لیگ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، کسی کو شکایت ہے تو وہ ہم سے رابطہ کرے۔ بدقسمتی سے شکایت وہ شخص کر رہا ہے جو نہ میٹنگ میں شرکت کرتا ہے اگر میٹنگ میں آجائے تو وہاں اس قسم کی کوئی بات نہیں کی جاتی۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک میں بھی لیگ چل رہی ہے، اردو کمنٹری سمیت امپائرنگ ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے تاکہ لیگ کو اوپر لے جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ لیگ کے انتھم کیلئے علی ظفر کا نام آنے پر فرنچائز مالک نے اعتراض اٹھایا اور دیگر کے ناموں کا انتظار تک نہ کیا۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے بورڈ کے فرنچائز ریٹین کے رینٹل ماڈل پر شدید تنقید کی تھی، انکا کہنا تھا کہ لیگ کی تمام فرنچائزز فی الحال ایک “رینٹل ماڈل” پر چل رہی ہے، جس میں ٹیموں کے مالکان کو حقیقی ملکیت حاصل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سال فرنچائز اونرز ٹیموں کو اپنے پاس رکھنے کیلئے رینٹ (یعنی کرایا) ادا کرتے ہیں، اگر نہ دیں تو ہمیں کوئی مالکانہ حقوق حاصل نہیں ہیں جبکہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی طرح غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع بھی موجود نہیں۔
علی ترین نے کہا کہ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کیلئے 8 ٹیموں کا کوئی واضح منصوبہ تاحال پیش نہیں کیا، اسی طرح اگر ریونیو شیئرنگ کا معاملہ ہوگا تو صورتحال عجیب ہوجائے گی۔
علی ظفر سے متعلق فرنچائز اونر کا بیان:
پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کیلئے انتظامیہ نے گلوکار علی ظفر کے نام کو ترانہ گانے کیلئے فائنل کیا تو ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے انسٹاگرام پر تنقید کے نشتر چلائے۔
علی ترین نے گلوکار کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان میں بہت سے شاندار آرٹسٹ موجود ہیں لیکن تقریباً آدھے سے زائد پی ایس ایل آنتھم ایک ہی ‘مڈل ایجڈ’ گلوکار کو دیے گئے ہیں”۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا انتھم علی ظفر کے علاوہ طلحہ انجم، نتاشا بیگ، ابرار الحق بھی شامل تھے۔