پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈکےکپتان شاداب خان نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ سنچری کی بدولت 243 رنز بنائے جو رواں سیزن کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
ان کے علاوہ کولن منرو 40 اور سلمان آغا 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، پشاور زلمی کی جانب سے جوزف اور حسین طلعت نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام ہوگئی، 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جب کہ محمد حارث کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھاسکا۔
بابر صرف 4 رنز جبکہ پہلے میچ میں نصف سینچری بنانے والے صائم ایوب بھی 6 رنز ہی بناسکے، مچل اوون کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن وہ 10 رنز کا اضافہ کرسکے۔
محمد حارث نے بھرپور مزاحمت دکھائی اور وہ آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے تاہم ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی دوسرا کھلاڑی وکٹ پر نہ رک سکا، حارث 47 گیندوں پر 87 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 3، شاداب خان اور بین ڈوارشئیس نے 2،2 جب کہ نسیم شاہ، سعد مسعود اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی تھی جب کہ پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔