تازہ تر ین

مصری صدر نے وزیراعظم کی دعوت قبول کرلی،دورہ پاکستان کے دور رس،نتائج کیا ہو نگے؟

 وزیراعظم نے مصر کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے  مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے  ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس کے دوران انہوں نے مصر کے تعمیری کردار، اس کے متوازن بیانات اور جنوبی ایشیا کے حالیہ بحران کے دوران فعال سفارت کاری پر صدر السیسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مصر نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کی ہے۔

 وزیراعظم نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بہادری سے دفاع کرنے پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان علاقائی امن کے مفاد میں بھارت کے ساتھ جنگ ​​بندی مفاہمت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مصری صدر کی توجہ سندھ طاس معاہدے کی اہمیت کی طرف بھی مبذول کرائی جسے بھارت  التواء میں رکھنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ ایک ایسا قدم جو پاکستان کے لیے ایک سرخ لکیر ہے۔

 دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت بالخصوص غزہ کی تشویشناک صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے لوگوں کو درکار انسانی امداد کی مسلسل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنائے۔  انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ آئندہ ماہ دو ریاستی حل پر ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس کے بامعنی نتائج برآمد ہوں گے۔

 پاکستان مصر تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

 صدر السیسی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی مفاہمت کا خیر مقدم کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مصر پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کو سراہا۔

 وزیراعظم نے مصری صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی انتہائی پُرخلوص دعوت دی جسے مصری صدر نے قبول کر لیا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain