تازہ تر ین

کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر بن گئے

پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے کریئر کے آخری مرحلے پر ہونے کے باوجود دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر بن گئے، سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ کیے جانے والے حالیہ معاہدے سے ان کی مجموعی دولت اب 1.4 ارب ڈالر (3 کھرب 96 ارب سے زائد پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال پر راج کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو کا کیریئر ہمیشہ سے کامیاب رہا ہے، چاہے ریکارڈ ٹرانسفر فیس پر ریال میڈرڈ جانا یا پھر 940 گول کے ساتھ دنیا کے ٹاپ گول اسکورر بننا اور اب میدان سے باہر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلے کھرب پتی فٹبالر بننا، یہ سب ان کی کامیابیوں کا حصہ ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس جیسے یورپ کے بڑے فٹبال کلبز سے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک کھیلنے کے بعد 40 سالہ پرتگالی اسٹار نے اپنی شہرت سے بھرپور مالی فائدہ اٹھایا اور انہوں نے ارمانی، نائیکی اور دیگر عالمی برانڈز کے اشتہارات میں کام کر کے بھاری آمدن حاصل کی۔

تاہم، اب اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ جون میں کیے گئے نئے معاہدے نے انہیں دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں شامل کر دیا ہے، یہ معاہدہ مبینہ طور پر 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا ہے۔

بلومبرگ کے کھرب پتیوں کے انڈیکس کے مطابق رونالڈو کی مجموعی دولت اب 1.4 ارب ڈالر (3 کھرب 96 ارب سے زائد پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے، جس کے نتیجے میں وہ پہلے کھرب پتی فٹبالر بن گئے ہیں۔

لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو تقریباً یکساں معاوضہ لیتے رہے مگر 2023 میں رونالڈو خلیج کی طرف چلے گئے اور میسی نے امریکا کے انٹر میامی کلب میں شمولیت اختیار کی، البتہ میسی کو ریٹائرمنٹ کے بعد امریکی کلب میں حصہ ملنے کی امید ہے، جو ممکنہ طور پر انہیں دوبارہ اپنے حریف کے برابر لا سکتا ہے۔

نسبتاً غیر معروف سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کرنے پر رونالڈو پر تنقید کی گئی تاہم اس ٹرانسفر نے انہیں فٹبال کی تاریخ کے سب سے بڑے معاہدوں میں سے ایک دلوایا، جب کہ سعودی عرب میں آمدن پر ٹیکس نہ ہونے کے باعث ان کے معاہدے میں ایکویٹی شیئر اور نجی جیٹ کے استعمال جیسے اضافی مراعات بھی شامل ہیں۔

رونالڈو نے 2002 سے 2023 تک تنخواہوں میں 55 کروڑ ڈالر سے زیادہ کمائے، نائیکی کے ساتھ ایک دہائی پر مشتمل معاہدے سے وہ سالانہ تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کماتے رہے، جب کہ ارمانی اور کاسٹرول جیسے برانڈز کے اشتہارات سے مزید 17 لاکھ 50 ہزار ڈالر حاصل کیے، النصر کے ساتھ ان کے 2023 کے معاہدے نے انہیں ٹیکس فری سالانہ 20 کروڑ ڈالر دلوائے، جن میں 3 کروڑ ڈالر کا سائننگ بونس بھی شامل ہے۔

رونالڈو کا ریٹائرمنٹ لینے سے انکار

رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ ان کا فی الحال ریٹارمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، وہ کیریئر میں ایک ہزار گول کا سنگ میل عبور کرنا چاہتے ہیں۔

رونالڈو کے مطابق وہ النصر ہی میں ریٹائر ہونا چاہتے ہیں جب کہ انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکھم کی طرح ان کا خواب کئی فٹبال کلبز کے مالک بننے کا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain