تازہ تر ین

سابق کپتان معین خان سوشل میڈیا کی غیر ذمہ داری کا شکار ہوگئے، انتقال کی جھوٹی خبر وائرل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان سوشل میڈیا کی غیر ذمہ داری کا شکار ہوگئے۔

سب سے پہلے خبر دینے کی دوڑ میں سوشل میڈیا پر حیدرآباد کے سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کے انتقال پر 1992 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے ممبر معین خان کی تصویر لگادی۔

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر معین خان راجپوت محبوب اسپورٹس کرکٹ کلب کے کپتان تھے جبکہ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان خیریت سے ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر چلنے والی غلط خبر کی وجہ سے دنیا بھر میں معین خان کے عزیز و اقارب، دوست احباب اور مداح سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔

سابق وکٹ کیپر بلے باز معین خان نے اس جھوٹی خبر پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا نے تصدیق کیے بغیر میرے متعلق خبر چلائی، جس سے سخت کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مجھے سینکڑوں پیغامات اور ٹیلی فون کالز وصول ہوئیں۔

پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منسلک معین خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خبر نشر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کر لینا بہت ضروری ہوتا ہے، بصورت دیگر متعلقہ افراد کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے اپنے ہم نام سینئر کرکٹر کی رحلت پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain