وزیر اعلی ٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی عیاری نہیں چلی، پنجاب نے منفی باتیں پھیلانے والوں کی ہڑتال کی کال کو مسترد کردیا، پنجاب میں زیرو ہڑتال ، زیروشٹرڈاؤن اور زیرو پہیہ جام تھا۔
لاہور میں اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسنت کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو سراہا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں بسنت کی بحالی سے ثقافت بحال ہوئی، پورے ملک سے لوگ بسنت منانے لاہور آئے،لاہوریوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر اچھا لگا، عوام کی جانب سے بسنت ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، بدقسمتی سے کچھ واقعات ضرور ہوئے ہیں، لوگ چھتوں سے گرے ہیں، چھت پر کنکریٹ کی دیوار نہیں تو عارضی بنا لیں، انفرادی غلطی کی وجہ سے چند واقعات ہوئے، ایک بھی موت گلا کٹنے سے نہیں ہوئی، پہلے بسنت کو خونی بسنت کہا جاتا تھا، لوگوں کے گلےکٹتے تھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کل ایک ہڑتال کی کال آئی ہوئی تھی، پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی، عوام نے منفی رویوں اورگالم گلوچ کو یکسر مسترد کر دیا، عوام نے انتشاری اور فسادی ٹولے کی ہڑتال کو مکمل ناکام بنا دیا، اتوار کے دن دکانیں بند ہوتی ہیں، پنجاب میں زیرو ہڑتال تھی، زیروشٹرڈاؤن، زیرو پہیہ جام تھا، فتنہ فساد کےکلچر کو لوگوں نے مسترد کیا، پی ٹی آئی کی عیاری چلی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ارب پتیوں کی کال غریب عوام کو نقصان پہنچانےکی کال تھی، خوش آئند بات تھی کہ لوگوں نے بدتمیزی کےکلچر کو مسترد کردیا۔




































