لاہور:
پنجاب میں گاڑی مالکان کی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے پاک آ ئی ڈی ایپ کا افتتاح کردیا گیا۔
اب پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور خریداری کے لیے مالکان کو تصدیق کے لیے دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی گاڑی مالکان گھر بیٹھے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔
تصدیق کے بعد ای ہے اور دیگر سروسز کے ذریعے واجبات کی آ ن لائن ادائیگی کے بعد ٹرانسفر کا عمل شفاف تر ہو گا، پاک آ ئی ڈی ایپ کا افتتاح ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے آج اپنے آفس سے کیا۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کہا کہ پاک آ ئی ڈی ایپ سے پنجاب کی دو کروڑ 60 لاکھ گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی مزید آسان ہو گی، ملکیت کی تصدیق اور فیس کی ادائیگی کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر ٹرانسفر کا عمل مکمل کر دیا جاتا ہے۔



































