- لاہور:امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کوسرکاری ملازمین کو ان کا حق دینا پڑے گا۔
سرکاری ملازمین کےدھرنےکےشرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ خاندانی جماعتیں ہے، 54 ہزار میں سے11ہزار سکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحبہ! کیا اسے گورننس کہتے ہیں؟ سرکاری سکولوں کو بڑھانے کے بجائےسرکاری سکولوں سے ہی جان چھڑائی جا رہی ہے، پنجاب حکومت نےتعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ دونوں فارم 47 کے ذریعے اقتدارمیں آئے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرکاری ملازمین رُل رہےہیں، پنجاب حکومت کوسرکاری ملازمین کوان کا حق دینا پڑے گا، جماعت اسلامی سرکاری ملازمین کےساتھ کھڑی ہے، سرکاری ملازمین کی پنشن میں کسی قسم کی کٹوتی منظورنہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جیسے پنجاب میں دودھ کی نہریں بیٹھ رہی ہیں، حکومت چلانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے ایک سے گریڈ 22 کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، ملازمین کی لیو انکیشمنٹ، پنشن اور دیگر مراعات ختم کی جا رہی ہیں۔





































