ایپل کے پاکستان میں آئی فون بنانے کے پروگرام کے حوالے سے وزارت صنعت و پیداوارنے موبائل و الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی تیارکرلی۔
ذرائع کے مطابق موبائل والیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی ایپل کمپنی کےمطالبے پر تیار کی گئی جس میں مراعات دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی کےتحت ایپل پہلےمرحلے میں پرانےفون سیٹ مرمت کرکےبرآمد بھی کرےگا، ری فرنشڈ آئی فونز کی برآمد سے پہلے سال 100ملین ڈالر آمدن متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایپل کمپنی نے رعایتی زمین،8 فیصد مراعات اور پرانے فونز کی مرمت کی شرط رکھی تھی، ایپل انڈونیشیا، ملائشیا اور بھارت کی طرح 2 سے 3 سال پرانے آئی فونز کی مرمت کامنصوبہ رکھتا ہے، یہ شرائط نئے موبائل و الیکٹرانکس فریم ورک میں شامل کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چین کی کمپنیوں سے موبائل مینوفیکچرنگ میں 557 ملین ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے، نئی پالیسی سے لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور دیگر الیکٹرانکس میں سرمایہ آئے گی جبکہ گھڑیاں، ٹریکرز اور ایئر بڈز کی تیاری میں بھی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے سال موبائل پرزہ جات میں مقامی شمولیت 35 فیصد تک بڑھائی جائے گی، مقامی شمولیت کو 50 فیصد تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے، اس وقت پاکستان میں موبائل فونز کی مقامی تیاری صرف 12 فیصد ہے۔





































