وزیرِ اعظم پاکستان شہبازشریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں عسکری قیادت نے وزیرِاعظم کو پاکستان افغانستان کی صورتحال پرمفصل بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج اورافغان طالبان رجیم کےگٹھ جوڑ اور شرپسند کارروائیوں کے لیے زیرو ٹالرنس اپنائی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کاروائیاں ناقابل قبول ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان ملک کی حفاظت کے لیے ہردم تیار ہیں، پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔
وزیرِاعظم نے افغان طالبان رجیم کے سرحدی علاقوں میں حملوں کو پسپا کرنے پر افواج پاکستان کی تعریف کیا اور بھرپورجوابی کارروائی کرنے پر افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم ارض وطن کی حفاظت کے لیے اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔




































