آبنائے ہرمز میں غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے قریب خلیجی پانیوں میں کم از کم چھ جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو آئل ٹینکروں میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور ایک غیر ملکی عملے کے رکن کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
رپورٹس کے مطابق نشانہ بننے والے جہازوں میں مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے تلے چلنے والے آئل ٹینکر ’سیف سی وشنو‘ اور ’زیفیروز‘ شامل ہیں، جو عراق سے ایندھن لے کر روانہ ہوئے تھے۔ عراقی بندرگاہ حکام کے مطابق حملے کے بعد دونوں جہازوں میں آگ لگ گئی جبکہ امدادی ٹیموں نے متعدد عملے کے ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
خلیج کے پانیوں میں متعدد بحری جہازوں پر حملوں کے بعد صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد ملک کے آئل ٹرمینلز کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، تاہم تجارتی بندرگاہیں معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ حملوں میں دھماکہ خیز مواد سے لیس بغیر عملے کی کشتیوں اور سمندری بارودی سرنگوں کا استعمال کیا گیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔




































