لاہور(نیوز ایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساہیوال میں جلد 14مزید الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ساہیوال میں جاری ترقیاتی
منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کرنے والوں میں ولایت شاہ، قاسم ندیم، ارشد ملک، ندیم اسلم لودھی، رانا ریاض احمد اور محمد حنیف شامل تھے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو ساہیوال میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ارکان صوبائی اسمبلی نے ساہیوال شہر کی بیوٹیفکیشن کو شاندار اور تاریخی اقدام قرار دیا جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے ساہیوال ڈویژن کے لئے 10 جدید ترین نواز شریف سکولز آف ایمیننس کے اقدام پر اظہار تشکر کیا اور ساہیوال و دیگر شہروں میں سیوریج اور ڈرینج کے پراجیکٹس پر بھی اظہار تشکر کیا۔ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ ساہیوال میں عارف والا بائی پاس، یوسف والا، نور شاہ، کے ایف سی بائی پاس، جنرل بس سٹینڈ تا کمیر، اڈہ سبیل اور بالا موڑ الیکٹروبس ہزاروں لوگوں کو سہولت مہیا کررہی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بڑے شہروں سے نکال کر گائوں کی سطح پر لے آئے ہیں۔ نواز شریف سکولز آف ایمیننس میں غریب اور امیر کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ نواز شریف سکول آف ایمیننس کا معیار کسی بھی اچھے اور بڑے پرائیویٹ سکول سے کم نہیں ہوگا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم کی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی سے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔مریم نواز نے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی پر اپنے پیغام میں ان کی بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے اعلی سیاسی حکمت عملی سے حریفوں کو چاروں شانے چت کردیا، انہوں نے مسلمانوں کو متحد ہو کر جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ قائداعظم کی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی سے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، قائداعظم نے بلا تفریقِ رنگ و نسل شہری و مذہبی آزادی کے سنہری اصول وضع کئے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق مملکت خداداد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہمارا عزم ہے۔وزیراعلی پنجاب نے قائداعظم محمد علی جناح کے لیے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی قائداعظم محمد علی جناح کی مغفرت فرمائیں، آمین۔
مریم نواز
