لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں کریانہ سٹور سے 60 ہزار روپے لے جانے کے الزام پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت،جسٹس شہرام سرور چوہدری نے پتنگ اڑانے کے مقدمے میں ملوث نوجوان کی درخواست پر ایس پی شیخوپورہ غلام عباس کو 29 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پلاسٹک سے بنی پتنگ اڑانے پرتھانہ صدر فاروق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،مقدمے کے دوران پولیس اہلکار درخواست گزار کے کریانہ سٹور سے 60 ہزار روپے اٹھا کر لے گئے، درخواست گزار کا بیٹا مقدمے سے بری ہو چکا ہے جبکہ مقدمے کی ایف آئی آر بھی خارج ہو گئی ہے، تاہم پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر لے جانے والی رقم تاحال واپس نہیں کی گئی، عدالت نے ڈی پی او شیخوپورہ کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر کارروائی نہیں کی گئی جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، استدعا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر ڈی پی او شیخوپورہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
