کائلین ایمباپے نے تقریباً دو دہائیوں پر محیط نائیکی کے ساتھ تعلق ختم کرتے ہوئے سوئس اسپورٹس ویئر برانڈ ’آن (On)’ کے ساتھ نیا معاہدہ کرلیا ہے۔ نائیکی کے ساتھ ایمباپے کی شراکت داری 2006 میں شروع ہوئی تھی، جب وہ صرف 9 سال کے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ایمباپے ’آن‘ کے عالمی سفیر بننے کے ساتھ کمپنی میں شیئر ہولڈر بھی ہوں گے۔ معاہدے میں نقد رقم اور ایکویٹی دونوں شامل ہیں، تاہم مالی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
’آن‘ نے ایمباپے کی شمولیت کے ساتھ فٹبال کی دنیا میں باضابطہ داخلے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی مستقبل میں فٹبال بوٹس اور دیگر مصنوعات تیار کرے گی، جبکہ اس کی پہلی فٹبال بوٹس 2027 میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
ایمباپے ’آن‘ کی پروڈکٹ ٹیم کے ساتھ مل کر مستقبل کی فٹبال کِٹس اور جوتوں کی تیاری و آزمائش میں بھی کردار ادا کریں گے۔ سابق فرانسیسی اسٹار تھیری ہنری کو بھی ’آن‘ کا ڈائریکٹر آف فٹبال مقرر کیا گیا ہے۔
نائیکی نے بھی ایمباپے کے ساتھ طویل وابستگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کو اس شراکت داری کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر فخر ہے اور وہ ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہے۔

