لاہور (این این آئی) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہےکہ جمہوریت میں احتجاج، دھرنا اور جلوس سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے تاہم احتجاج پرامن ہونا چاہیے اور اس کے نتیجے میں کاروبار زندگی متاثر نہیں ہونا چاہیے، تمام فریقین کو ٹھنڈے دل سے فیصلے کرنے چاہئیں جبکہ پارلیمان ہی وہ فورم ہے جہاں تمام معاملات پر اطمینان کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز رانا سفاری پارک پھولنگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی، سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، ثمینہ خالد گھرکی سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ ہے جسے پارٹی کارکنان اور رہنما مل کر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام سے پاکستان پیپلز پارٹی کا رانا شوکت کی وجہ سے ایک عظیم اور تاریخی رشتہ وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے اور پارٹی بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ پنجاب کے عوام ہماری اصل طاقت ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔
