لکھنو(این این آئی)بھارتی ریاست اتر پردیش میں مسلمانوں کے خلاف ہندو انتہاپسندوں کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک تازہ واقعہ میں بجرنگ دل کے کارکنوں نے گوشت لے جانے والے ایک 40 سالہ مسلمان بریانی فروش کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہونا کے قصائی محلہ کا رہائشی رضوان بڑی مسجد کے قریب بریانی کا اسٹال لگاتا ہے۔ وہ ایتونجا علاقے میں اپنے اسٹال کے لیے گوشت لے جا رہا تھا کہ بجرنگ دل سے وابستہ تین افراد نے اسے روک لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں رضوان کو زمین پر گرا کر تشدد کا نشانہ بنتے دیکھا جا سکتا ہے۔ حملے میں اس کے سر اور چہرے پر چوٹیں آئیں۔ پولیس نے رانا یادو، شانو اور سورج کو واقعے میں ملوث افراد کے طور پر نامزد کیا ہے، جبکہ ضبط کیے گئے گوشت کو جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
