راولپنڈی(کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سمیت ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 5کروڑروپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کارروائیوں کے دوران 118.15 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت 5 کروڑ 6 لاکھ روپے کے لگ بھگ تھی، مذکورہ کارروائیوں میں 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں واقع کورئیر آفس میں خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران آسٹریلیا بھجوائے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران پارسل میں موجود لیڈیز کپڑوں میں جذب 16کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔اسی طرح بلوچستان کے علاقے خانوزئی ڈسٹرکٹ پشین کے قریب گاڑی سے 45.6کلوگرام چرس برآمد کی گئی،کلی داؤد آباد ڈسٹرکٹ چاغی کے قریب کارروائی کے دوران 30کلوگرام افیون تحویل میں لی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ پشاور ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے ملزم کے بیگ سے 950 گرام آئس، چارسدہ روڈ پشاور میں پل کے قریب گاڑی سے 14.4کلوگرام افیون اور اسپتال روڈ چارسدہ کے قریب کارروائی کے دوران 9.6کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
