نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک اور ممکنہ فلیش فلڈ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) کے مطابق مغربی ہواؤں کا نظام 25 اور 26 ستمبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولائی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع کو فلیش فلڈ کے خطرے والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان، سوات، بنوں، ڈی آئی خان اور وزیرستان سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

