جاپان میں جاری 20ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 کے اسکواش مقابلوں میں پاکستان کے محمد اشعب عرفان نے بھارت کے ویر چوٹ رانی کو کوارٹر فائنل میں 3-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
اشعب عرفان نے پہلا گیم 6-11 سے گنوایا، تاہم اس کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 11-8، 11-3 اور 11-3 سے جیت لیے۔ میچ 41 منٹ جاری رہا۔
میچ کے اختتام پر دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا، جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنیں۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے نور زمان نے ہانگ کانگ کے چی ہن ہنری لیونگ کو 3-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ یوں پاکستان نے مینز سنگلز اسکواش میں کم از کم ایک کانسی کا تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔

