ڈھاکہ (آئی این پی )بنگلادیش میں خسرے کی وبا خطرناک صورت اختیار کر گئی ہے جہاں رواں سال مارچ سے 9 اکتوبر تک اس بیماری کے 2 لاکھ 2 ہزار مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 1147 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 94 فیصد تعداد پانچ سال سے کم عمر بچوں کی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ 22 ہزار کیسز کی ان لیبارٹری سے تصدیق ہوچکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کی ویکسینیشن میں کمی، صحت کے ناقص ریکارڈ اور دور دراز علاقوں تک رسائی نہ ہونے کے باعث وبا پر قابو پانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے ویکسین مشیر اور نیویارک یونیورسٹی کے پروفیسر مارک جٹ نے خبردار کیا کہ بنگلہ دیش کی صورت حال دوسرے ممالک کے لیے بھی ایک بڑا انتباہ ہے۔
