لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثے میں ایلیٹ فورس جہلم کے دو اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس جوان ہمارا فخر ہیں۔ پنجاب پولیس دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق،شیخوپورہ موٹروے پر قرشی انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کانسٹیبل اصغر علی اور ایلیٹ کانسٹیبل نوید افضل نے جام شہادت نوش کیا جبکہ چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ شہدا کی نماز جنازہ پولیس لائنز جہلم میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری، سینئر آرمی افسران، سینئر سول جج جہلم قدیر حسین بٹ، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ایس ایس پی آر آئی بی چوہدری شعیب عقیل، ایس پی انویسٹی گیشن جہلم محمد سکندر گوندل، سی سی ڈی، موٹروے پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے ضلعی افسران، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران و اہلکاران، ممبران ضلعی امن کمیٹی، علمائے کرام، نمائندگان تاجر برادری، شہدا کے اہلخانہ اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ سینئر پولیس افسران نے میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہدا نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ جہلم پولیس اپنے بہادر جوانوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ شہدا کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے پولیس اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنے کے لیے روانہ کر دیا گیا
