کراچی(این این آئی) پا کستان کے سکواش لیجینڈ جہانگیر خان نے کہا ہے پاکستا ن سکواش فیڈریشن کو کھیل کو بہتر بنانے اور ملک کا شاندار ماضی واپس لانے کے لیے بہت کچھ کرنیکی ضرورت ہے۔ 6 بار ورلڈ اوپن، 10 مرتبہ برٹش اوپن جیتنے والے پاکستان کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے کہا کہ آج عالمی درجہ بندی۔کے ابتدائی 25 کھلاڑیوں میں افسوس کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ جس ملک میں سکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج اس ملک میں سکواش پر راج کرنے والے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے ہیں۔
پاکستان میں سکواش کا ٹیلنٹ بھی موجود ہے اور سکواش کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ بھی تواتر کیساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔جہانگیر خان نے کہا کہ ان مشکلات میں بھی سکواش میں سپانسر آرہے ہیں، بڑی بات ہے، فیڈریشن کو چاہیے کہ اکیڈمی لگائے، کھلاڑیوں کو آگے آنے کے لیے بہتر راستے فراہم کرے۔
