لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین و بچوں سے متعلق کیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ گرلز کالجز،یونیورسٹیز کے اطراف آوارہ گرد لڑکے ہرگز کھڑے نہ ہونے پائیں۔ کرکٹ میچز سے قبل تمام
تر سکیورٹی و لاجسٹک انتظامات مکمل کئے جائیں۔ نجی ہوٹلز،سٹیڈیم،روٹ کے اطراف سرچ آپریشنز کروائیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ماڈل ٹائون ڈویژن سے انسدادِ جرائم میٹنگ کے دوران کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ماڈل ٹائون، سرکل افسران،ایس ایچ اوز، انچارج چوکی اس موقع پر موجودتھے۔ میٹنگ میں ڈویژن میں مجموعی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنزنے جھپٹا،چوری کی وارداتیں کنٹرول کرتے ہوئے اشتہاری،عادی مجرمان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ایس ایچ او نشترکالونی، کاہنہ کو چوری کی وارداتیں کنٹرول کرنے جبکہ ایس ایچ او گلبرگ،غالب مارکیٹ کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ موبائل چوری وخریداری میں ملوث افراد کو پکڑیں۔ پتنگ بازی،ون ویلنگ،قمار بازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کریں۔انہوں نے کہا کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹ،ٹمپر نمبر پلیٹ لگانے والوں پر مقدمات درج کریں۔ پرائیویٹ ملازمین، کرایہ داروں کا اندراج یقینی بنائیں۔
