اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے
ساتھ انسانی سرگرمیاں بھی برفانی چیتے کے لیے خطرات بڑھا رہی ہیں۔برفانی چیتے کے تحفظ سے متعلق عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ برفانی چیتا پاکستان کے قومی فخر، قدرتی ورثے اور حیاتیاتی تنوع کی علامت ہے، جبکہ اس نایاب جنگلی جانور اور اس کے قدرتی مسکن کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برفانی چیتوں کی تعداد 200سے 300کے درمیان ہے، جنہیں غیر قانونی شکار، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی سرگرمیوں کے باعث مختلف خطرات کا سامنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ برفانی چیتا صدیوں سے مقامی آبادی کے ساتھ ہم آہنگی میں رہتا آیا ہے، اس کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ اس کے قدرتی مسکن کو محفوظ بنایا جائے اور جنگلی حیات کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔عطا تارڑ نے اعلان کیا کہ برفانی چیتے کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔ کمیٹی میں عالمی ادارہ برائے تحفظِ فطرت و جنگلی حیات ڈبلیو ڈبلیو ایف، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو موثر بنایا جا سکے۔
عطا تارڑ
