لاہور(پ ر)کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے کٹار بند روڈ کی تعمیر نو میں غیر معمولی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منظور شدہ منصوبے پر فوری کام شروع کیا جائے تاکہ صنعتکاروں، تاجروں، مزدوروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔اس حوالے سے کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس صدر ایسوسی ایشن ڈاکٹر وسیم سرور کی ِ زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں صنعتی علاقے کو درپیش مسائل، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے بتایا کہ واساکی جانب سے تقریبا چھ ماہ قبل کٹار بند روڈ کی کھدائی کی گئی تھی، تاہم اب تک سڑک کی تعمیرشروع نہیں ہو سکی۔ سڑک کی خستہ حالی اور دھول مٹی کے باعث سموگ میں خاطر خواہ اضافے کا خدشہ ہے جبکہ صنعتی یونٹس کی سرگرمیاں، ٹرانسپورٹ اور مزدوروں کی آمدورفت شدید متاثر ہو رہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وسیم سرور نے کہا کہ سموگ کے دنوں میں سڑک کا نہ بننا سمجھ سے بالاتر ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سرپرستی میں پنجاب حکومت کی طرف سے سموگ پر قابو پانے کیلئے انقلابی اقدامات کا اثر زائل ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور تعمیراتی کام شروع کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔اجلاس میں معروف صنعتکاروں میاں محمد نواز، شیخ حسین الدین، شیخ طاہر انجم، شیخ خالد رشید، ملک عزیر سعید، شوکت علی، عمیر بٹ اور عمر راحت شامل تھے۔
