پیرس (بیورو رپورٹ)فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعہ کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل پر منحصرہے،مسئلہکشمیر سیاسی، قانونی اور اخلاقی بنیادوں پر مضبوط مقدمہ ہے اور پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے خصوصی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ تقریب میں صدر مملکت ، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی تاریخ اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعہ کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل پر منحصرہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی نسلوں سے کشمیری عوام عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔سفیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور مسلسل سنگین مظالم نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور کشمیری عوام کو مزید دور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت بدلنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کے معاملے پر متحد ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سیاسی، قانونی اور اخلاقی بنیادوں پر مضبوط مقدمہ ہے اور پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب کے مقررین نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے بے گناہ کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کے خلاف انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔انہوں نے عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیری عوام کی مشکلات کو اجاگر کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔تقریب میں پاکستانی برادری کے ارکان،ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی جس میں جموں و کشمیر کے عوام کے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔
