لاہور (خبریں ڈیجیٹل) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6)کے تحت 30روز کیلئے پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے آئوٹ ڈور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کیلئے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈرون کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت متعلقہ ضلعی سیف ڈرون یوزیج کمیٹی دے گی۔ کمیٹی کی تحریری اجازت کے ساتھ ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنی ہوگا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

