کراچی(این این آئی)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں مالیاتی قواعد کی مبینہ خلاف ورزی اور ادائیگیوں کے نظام میں نگرانی کے فقدان سے متعلق معاملہ سامنے آگیا ہے، جہاں محکمہ لوکل فنڈ آڈٹ نے پیشگی آڈٹ کے بغیر چیک جاری کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوخط ارسال کردیا ہے۔ آڈٹ حکام کے مطابق متعدد بار یاد دہانی کے باوجود مطلوبہ مالیاتی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، جس کے باعث ادائیگیوں کی قانونی حیثیت اور قواعد کے مطابق ہونے کی جانچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ کی جانب سے ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ، حکومت سندھ کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ سے چیک رجسٹر، جنرل کیش بک، بلز اور دیگر ضروری مالیاتی دستاویزات طلب کی گئی تھیں، تاہم متعدد درخواستوں کے باوجود یہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔
