تل ابیب ، دوحہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی انتخابات میں عرب جماعتوں کی کامیابی پر شدت پسند یہودی غصے سے پاگل ہوگئے۔ عرب جماعتوں کے سربراہوں کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر نے عرب سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اتمار بن گویر نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اسرائیلی داخلی سکیورٹی ادارے شِن بیت سے مطالبہ کیا کہ وہ عرب جماعتوں کے سربراہان کو فوری طور پر گرفتار کرے، جن پر قطر سے رقم لینے میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق بن گویر کا یہ مطالبہ اسرائیلی حکومت کے بعض وزرا کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کے بعد سامنے آیا ہے کہ عرب جماعتوں نے قطر سے مالی امداد حاصل کی۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی اور انہیں ثابت شدہ حقائق کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔اسرائیلی انتخابات کے بعد عرب جماعتوں کی کامیابی کو سیاسی طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ نہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اتحاد کو اور نہ ہی اپوزیشن کے بلاک کو واضح اکثریت حاصل ہوئی۔ اس صورت حال میں عرب جماعتیں حکومت سازی کے عمل میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں۔قطر مشرقِ وسطی میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کرتا ہے اور حماس کے ساتھ بھی اس کے رابطے رہے ہیں۔ اسی پس منظر میں اسرائیلی وزرا کی جانب سے عرب جماعتوں کی مبینہ مالی معاونت سے متعلق الزامات سامنے آئے ہیں۔دریں اثناء قطر نے اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں کسی قسم کی مداخلت یا انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے والی سرگرمیوں کے لیے فنڈنگ کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قطر نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات بعض اسرائیلی سیاست دانوں اور ان سے وابستہ میڈیا آٹ لیٹس کی جانب سے دانستہ طور پر پھیلائے جا رہے ہیں۔قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں واضح کیا کہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات قطر کو خطے میں اس کی جاری ثالثی کی کوششوں اور سفارتی و انسانی ہمدردی کے کاموں کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتے۔خیال رہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے اتحاد نے انتخابات کے دوران عرب جماعتوں پر مبینہ قطری فنڈنگ کے غیر مصدقہ الزامات عائد کرتے ہوئے دباؤ بڑھا دیا ہے۔
یہودی

