ملتان(کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے آئندہ کسی بھی صارف کو ڈیٹیکشن بل جاری کرنے پر مکمل پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں(ڈسکوز) کے بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صارفین کو غلط اور من مانے ڈیٹیکشن بل چارج کرنے کا سخت نوٹس لیا۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی صارف کو غلط ڈیٹیکشن بل نہیں بھیجا جائے گا، اور نظام میں شفافیت لانے کے لیے سخت اصلاحاتی فریم ورک نافذ کر دیا گیا ہے۔وزیر توانائی اویس لغاری نے واضح کیا کہ بجلی چوری روکنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاہم صارفین پر من مانا مالی بوجھ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے فیلڈ اسٹاف اور سب ڈویژنل افسران (ایس ڈی اوز) کی جانب سے مینوئل ڈیٹیکشن بل جاری کرنے پر مکمل پابندی کا اعلان کیا، اور کہا کہ آئندہ مینوئل بل جاری کرنا سنگین بدانتظامی تصور ہوگا، اور ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈیٹیکشن بلنگ کے پورے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ایک مخصوص مرکزی آن لائن پورٹل تیار کیا گیا ہے، اور تمام ڈسکوز میں ڈیٹیکشن بلنگ صرف اسی پورٹل کے ذریعے لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ خراب یا جلے ہوئے میٹر زیادہ سے زیادہ دو بلنگ سائیکلز (2 ماہ) کے اندر تبدیل کرنا ہوں گے۔ خراب میٹر کی صورت میں ایوریج بلنگ کا بوجھ بھی صرف 2 ماہ تک محدود ہوگا۔ مزید برآں، اگر میٹر سلو یا فاسٹ چلتا ہوا پایا گیا تو ریکوری بھی صرف پچھلے دو بلنگ سائیکلز تک محدود ہوگی۔بجلی کے غیر قانونی استعمال میں ملوث عام صارفین کے لیے ڈیٹیکشن بل کی زیادہ سے زیادہ مدت 3 ماہ ہوگی۔ رجسٹرڈ صارفین کے لیے حد زیادہ سے زیادہ 6 ماہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ صارفین کے لیے حد 12 ماہ ہوگی۔وزیر توانائی نے مزید کہا کہ کنزیومر سروس مینوئل میں مجوزہ ترامیم آنے والے دنوں میں پیش کی جائیں گی، جبکہ ڈسکوز کے بورڈز اور کمیٹیاں ماہانہ بنیادوں پر ڈیٹیکشن بلوں کی درستگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں گی۔ حکومت کا مقصد پاور سیکٹر کو صارف دوست بنانا اور عوام کے معاشی استحصال کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔
وزیر توانائی
