گلگت(این این آئی) گلگت بلتستان میں یکم نومبر کو یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔یکم نومبر 1947 کو گلگت سکائوٹس اور مقامی جانبازوں نے ہندوستانی فوج کے خلاف دلیری اور پوری قوت سے مقابلہ کیا اور علاقے میں پاکستانی پرچم لہرایا، ایک سال کی جدوجہد کے بعد 14 اگست 1948 کو بلتستان کو بھی ہندوستان کے تسلط سے آزاد کرا لیا گیا۔جنگِ آزادی کے دوران گلگت بلتستان کے بہادر جوانوں نے دشمن کو شکست دی اور اپنی سرزمین کو بھارتی تسلط میں جانے سے روک دیا۔جنگِ آزادی گلگت بلتستان کے دوران لڑی جانے والی جنگیں عالمی عسکری معرکوں میں بہادری کی روشن داستانیں سمجھی جاتی ہیں۔دریں اثنا آئی ایس پی آر نے یوم آزادیِ گلگت بلتستان کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمہ ”شانِ پاکستان، گلگت بلتستان” ریلیز کر دیا۔گلگت بلتستان کے نامور شاعر ذیشان مہدی کا خوبصورت کلام، گلوکار جے جے علی شینا کی پُراثر آواز میں پیش کیا گیا،ملی نغمہ گلگت بلتستان کے عوام کی پاکستان سے عقیدت، قومی تشخص اور گہری دلی وابستگی کا عکاس ہے جس میں گلگت بلتستان کی تاریخی جدوجہد اور پاکستان سے جڑے فخر و اعزاز کے جذبات اجاگر کیے گئے ہیں۔گلگت میں لالک جان سٹیڈیم پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ امجد حسین نے بھی شرکت کی۔ آزادی کا جشن پاکستان سے وابستگی ‘ تعمیر و ترقی کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا۔
گلگت بلتستان میں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا
