کابل، دوشنبے( نیوز ایجنسیاں) افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے ذاتی محافظ کو نامعلو
م افراد نے قتل کردیا۔ ادھر افغانستان کے سابق نائب صدر مارشل عبدالرشید دوستم نے طالبان رجیم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جبکہ افغانستان سے منشیات سمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب، سرغنہ سمیت 9ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ افغانستان کے عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے ذاتی محافظ کو صوبہ بغلان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کی لاش سڑک کنارے سے برآمد ہوئی، جس پر گولیوں کے نشانات موجود تھے۔ مقتول کی شناخت قاری نور جان احمدزئی کے نام سے ہوئی ہے۔تاحال واقعے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی اور نہ ہی قتل کے محرکات سامنے آسکے ہیں۔دریں اثناء سابق نائب صدر مارشل عبدالرشید دوستم نے طالبان رجیم کے مستقبل پر سوال اٹھا دیا۔افغان نیشنل موومنٹ پارٹی کے سربراہ اور افغان سابق نائب صدر مارشل دوستم نے کہا کہ طالبان کی نام نہاد امارت زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گی، یہ رجیم بالآخر اپنے انجام کو پہنچ کر رہے گی۔مارشل دوستم نے کہا کہ افغان عوام آزادی کی جدوجہد میں جانیں دینے والے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ، افغان نوجوان باشعور ہیں جو اعلی تعلیم حاصل کر کے آزادی کیلئے شہدا کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔عبدالرشید دوستم نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ افغان نوجوان ہی اب افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب تاجکستان میں افغانستان سے منشیات سمگل کرکے دوسرے ممالک منتقل کرنے والے مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے 9ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ملزمان کے قبضے سے 24کلوگرام چرس بھی برآمد ہوئی ہے۔تاجکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے حالیہ کارروائی کے دوران ملزمان کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کر منشیات کی بھاری مقدار برآمد کی۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یہ منشیات افغانستان سے تاجکستان لائی گئی تھیں اور انہیں وہاں سے دیگر ممالک اسمگل کرنے کی تیاری کی جارہی تھی۔وزارت داخلہ کے بیان میں بتایا کہ گرفتار افراد کا گروہ منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔ پولیس نے 44 سالہ مظفر اعظم اف کو مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کا سرغنہ قرار دیا ہے، جس نے 2025 میں جیل سے رہائی کے بعد سمگلنگ کا یہ گروہ قائم کیا تھا۔
محافظ قتل
