جندول (نمائندہ خبریں)جندول میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، کروڑوں روپے کا نقصان، سینکڑوں دکانیں مسمار، تاجروں کا حکومتی فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ، وکیل عدالت پہنچ گئے جندول سب ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے نتیجے میں مقامی تاجروں کو کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا، بڑے بڑے پلازوں کو نقصان پہنچنے، سینکڑوں دکانوں، دیواروں اور دیگر تجارتی عمارتوں کے مسمار ہونے سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوگئیں۔ تحصیل منڈا، معیارو، ثمرباغ اور کامبٹ سمیت مختلف بازاروں میں آپریشن کے بعد کاروباری مراکز کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگے ہیں، جبکہ متعدد دکانیں بند ہونے سے سینکڑوں خاندانوں کے روزگار کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جندول سب ڈویژن کے مختلف بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے جاری کارروائی کے دوران دکانوں، چار دیواریوں، پلازوں کے بیرونی حصوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کیا گیا، جس کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے نام پر کی جانے والی کارروائی سے نہ صرف ان کی جمع پونجی متاثر ہوئی بلکہ کئی سالوں سے قائم کاروبار بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔تاجروں کے مطابق آپریشن کے باعث متعدد دکانیں مکمل یا جزوی طور پر مسمار ہوچکی ہیں، جبکہ بعض بڑے تجارتی پلازوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بازاروں کی موجودہ صورتحال سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں اور دکانداروں کے ساتھ مزدور طبقہ، کرایہ داروں اور چھوٹے کاروباری افراد کو بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کارروائی اسی انداز میں جاری رہی تو مزید کاروباری مراکز متاثر ہوں گے اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔دوسری جانب معروف قانون دان مرتضی ایڈووکیٹ نے تجاوزات کے خلاف کارروائی اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، جہاں متاثرہ تاجروں کے قانونی حقوق اور کارروائی کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیے جانے کی توقع ہے۔مقامی تاجروں نے حکومتِ وقت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی جائے، متاثرہ کاروباری افراد کو اعتماد میں لیا جائے اور کارروائی کے دوران ہونے والے مالی نقصانات کے ازالے کے لیے مناسب پالیسی وضع کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بازاروں کی بہتری، ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمے کے مخالف نہیں، تاہم اس عمل میں تاجروں کے معاشی مفادات، قانونی حقوق اور روزگار کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔ادھر انتظامیہ نے اپنا دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تفریق جاری رہے گی اور کسی کو بھی سرکاری اراضی یا عوامی راستوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، تاہم اس مقصد کے لیے ایسی جامع حکمت عملی اپنانا ضروری ہے جس سے ایک طرف شہریوں کو کشادہ راستے اور بہتر سہولیات میسر آئیں تو دوسری طرف مقامی تاجروں اور مزدوروں کا روزگار بھی مکمل طور پر متاثر نہ ہو۔اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اور انتظامیہ متاثرہ تاجروں کے تحفظات دور کرنے، نقصانات کے ازالے اور بازاروں کی بحالی کے لیے کیا عملی اقدامات اٹھاتی ہے، یا جندول کے تاجر مزید معاشی مشکلات کا شکار ہوتے رہیں گے۔
