مری (نمائندہ خبریں) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کے باوجود مری کے عوام تاحال سفری سہولیات میں ریلیف سے محروم ہیں پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی کمی نہ آسکی مری سے راولپنڈی سمیت مختلف شہری، دیہی اور لنک روٹس پر پرانے کرائے ہی وصول کیے جا رہے ہیں
جس کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کرایوں کے معاملے پر تلخ کلامی اور جھگڑے روز کا معمول بن گئے ہیں مسافروں کے مطابق مری سے راولپنڈی کا کرایہ تاحال 400 روپے وصول کیا جا رہا ہے، روات ، دیول، پھگواڑی، باڑیاں، علیوٹ اور دیگر روٹس پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں ردوبدل نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے اور اس کا براہِ راست بوجھ عام مسافروں، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے ملازمت پیشہ افراد کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے مسافروں کا کہنا ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری اضافہ کر دیا جاتا ہے، لیکن قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے کے لیے کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آتا۔ یہی وجہ ہے کہ معمولی کرائے کے تنازع پر مسافروں اور ڈرائیوروں کے درمیان بحث و تکرار اور جھگڑوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی سے مطالبہ کیا ہے کہ مری کے تمام ٹرانسپورٹ روٹس، بشمول دیہی اور لنک روڈز، کے کرایوں کا فوری جائزہ لے کر پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کے تناسب سے نئے سرکاری کرایہ نامے جاری کیے جائیں، سرکاری کرایہ نامے گاڑیوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کروائے جائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو حقیقی سفری ریلیف مل سکے۔
