لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی کو چینی خلا بازوں کے ہمراہ کامیابی سے خلا میں پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج کا دن ایک سنہری اور یادگار دن ہے۔ پاکستان نے عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی میں اپنا پرچم بلند کیا ہے۔ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے اس عظیم سپوت کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ ذیشان علی کی کامیابی نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے اور ملک کے نوجوانوں کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے نئے امکانات اجاگر کیے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ یہ خلائی مشن پاکستان اور چین کی گہری، دیرینہ اور لازوال دوستی کا عملی ثبوت ہے۔ پاک چین دوستی اب زمین کی سرحدوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ چکی ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ذیشان علی کی یہ تاریخی کامیابی پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات اور مشترکہ ترقی کے عزم کی ایک روشن مثال ہے۔ پوری قوم اس کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے۔

