واشنگٹن، تہران ( نیوز ایجنسیاں) ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کی سخت
گیر قیادت کو قتل کئے جانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ڈیموکریٹس کی جنگ روکنے کی کوشش امریکی فوج کی کامیابی کو شکست میں بدل سکتی ہے ، ادھر پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی،جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکہ عالمی امن کو خطرے میں ڈا ل رہا ہے۔ ایرانی فوج نے متنبہ کیا ہے کہ امریکی فوجی اڈے منتقلی کے باوجود ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہونگے۔ امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے کی تجویز پہلے بھی زیر غور تھی، گزشتہ چند ہفتوں سے اس تجویز پر زیادہ سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، سخت گیر ایرانی قیادت کو ہدف بنا کر دیگر رہنمائوں کو جنگ کے خاتمے پر قائل کیا جا سکتا ہے۔عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت گیر قیادت کو ہدف بنانے سے ایران کی مصلحت پسند قیادت بھی سخت موقف اختیار کر سکتی ہے، قیادت پر حملے کی صورت میں مذاکرات کی راہیں مکمل بند ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے سخت گیر ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کیلئے امریکا کے پاس جنوری کے آخر تک فنڈز موجود ہیںانہوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے جنگ روکنے کی کوشش کی تو امریکا کی مبینہ فوجی کامیابی شکست میں تبدیل ہوسکتی ہے۔صدر ٹرمپ نے امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ جنوری میں ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے حوالے سے ان کے اختیارات محدود ہوسکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ حزب اختلاف کی جماعت جنگ کو قبل از وقت ختم کرنے پر مجبور نہیں کرے گی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تباہ ہوچکے ہیں جبکہ اس کی قیادت بھی ختم ہوچکی ہے۔ ان کا کہناتھا امریکا جب چاہے جنگ ختم کرسکتا ہے، تاہم ڈیموکریٹس نے اسے روکنے کی کوشش کی تو وہ ایک کامیابی کو نقصان میں بدل دیں گے۔ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جبکہ ایک اور امریکی MQ-9ڈرون مار گرا یا گیا ہے ۔دوسری جانب امریکی دفاعی حکام کی جانب سے تاحال ایرانی فوج کے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق سامنے نہیں آئی ۔قبل ازیںایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کے عالمی ادارے کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال کر عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا امریکا کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں اتنا فکرمند ہے کہ وہ ان کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے کو ہی مفلوج کر رہا ہے۔انہوں نے او پی سی ڈبلیو کی سرگرمیوں میں ممکنہ تعطل اور اہم پروگراموں میں کمی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی اقدامات کو شرمناک قرار دیا۔ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے کہاہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو کہیں اور منتقل کرنے سے وہ ایرانی مسلح افواج کی پہنچ سے باہر نہیں ہوں گے۔ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی کا بسیج تنظیم کے سربراہ سے ملاقات میں کہنا تھا جنگ کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کا بڑا حصہ غیر فعال ہو گیا۔ دوسری جانب ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران کو دبانے یا جھکانے کی کوشش کرنے والوں کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔ایرانی فوج کے سربراہ نے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو آسانی سے دبایا نہیں جا سکتا، مسلط کی گئی جنگ کا درد ایرانی عوام ہی نہیں پوری دنیا نے محسوس کیا، ایران جنگ کے تمام اخراجات اکیلے برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی مدد یا حمایت کرنے والے فریقوں کو بھی جنگ کی قیمت چکانا ہوگی، مستقبل میں دشمن کیلئے شرائط مزید سخت کی جا سکتی ہیں۔ادھر اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل تہران کو ایسی صلاحیت حاصل نہیں کرنے دے گا۔ اسرائیلی صحافیوں کے ساتھ ایک بریفنگ میں اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ایران کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اسرائیلی حکومت انھیں ایسی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
ٹرمپ
