چکوال(بیورو رپورٹ)تھانہ نیلہ پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی دو مشترکہ کارروائیوں کے دوران 2600کلو(65من )مردہ مرغیوں سے بھری گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں ، ایس ایچ او تھانہ نیلہ انسپکٹر صہیب ظفر نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی
کرتے ہوئے 1200 کلو گرام مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی قبضہ میں لے لی۔پولیس نے ڈرائیور فیضیاب سکنہ اسلام آباد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیاجبکہ دوسری کاروائی میں بھی 1400 کلو مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔ ایس ایچ او تھانہ نیلہ انسپکٹر چوہدری صہیب ظفر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دلہہ چوک سے مردہ مرغیوں سے لدی گاڑی روک کر تحویل میں لے لی، جبکہ ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مردہ مرغیوں کو ضلع چکوال سے دوسرے ضلع منتقل کیا جا رہا تھا، جہاں مبینہ طور پر انہیں بڑے ہوٹلوں اور مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔ کارروائی کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور مردہ مرغیوں کو تلف کر دیا تاکہ انہیں انسانی خوراک کے طور پر استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مردہ مرغیوں کی ترسیل کا یہ مکروہ دھندہ تھانہ نیلہ کی حدود میں واقع ایک نجی مرغی فارم سے مبینہ طور پر جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
