ممبئی (شوبزڈیسک) فلم ساز کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی بالی ووڈ فلم ”شدت“ میں سری دیوی کی جگہ مادھوری ڈکشٹ نے لے لی ہے۔تاہم اب اس فلم کے مرکزی ہیرو کے حوالے سے جھگڑا سامنے آیا ہے ، اطلاعات ہیں کہ فلم کی ٹیم نے سنجے دت کو فلم سے خارج کردیا۔ پہلے اطلاعات تھیں کہ شدت میں سنجے دت مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے ، تاہم خبر آئی ہے کہ فلم میں مرکزی اداکارہ کی تبدیلی کے بعد مرکزی اداکار کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ دکن کیرونیکل کے مطابق اب شدت میں مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ سنجے دت نہیں بلکہ انیل کپور یا جیکی شروف میں سے کوئی ایک رومانس کرتا نظر آئے گا۔ذرائع کے مطابق فلم کی ٹیم کی پہلی کوشش یہی ہے کہ انیل کپور کو فلم میں کاسٹ کیا جائے ، تاہم خبریں ہیں کہ وہ دیگر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف رہنے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوسکیں گے۔