کراچی (ویب ڈیسک )حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور پاک فضائیہ کی فلم”پرواز ہے جنون“کا پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا ہےجس میں فلم کے مرکزی ہیروحمزہ علی عباسی پاک فضائیہ کے جوان کے روپ میں نہایت پر کشش نظر آرہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں حمزہ علی عباسی کے کردار کانام بھی”حمزہ“ہی ہے جو ان کی یونیفارم پر لگے بیج میں واضح نظرآرہا ہے۔ہدایت کار حسیب حسن کی فلم”پرواز ہے جنون“کی کہانی پاکستان ایئر فورس کے جوانوں کی کامیابیوں اور ان کی زندگی کے ارد گرد گھومتی ہے۔ فلم کی سپورٹنگ کاسٹ میں پاکستان ایئرفورس(پی اے ایف)کے حقیقی جوان، کیڈٹس اور فائٹر پائلٹس شامل ہیں۔ فلم کے مرکزی اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ فلم”پرواز ہے جنون“میں کام کرنا ان کیلئے باعث اعزاز ہےاس فلم کے ذریعے ہم دنیا کے سامنے پی اے ایف کا چہرہ سامنے لاسکیں گے۔حمزہ علی عباسی کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار شمعون علی عباسی، اداکارہ وماڈل ہانیہ عامر، احد رضامیر، شاز خان اور کبریٰ خان شامل ہیں۔ شمعون عباسی کا فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ ابھی یہ بتانا صحیح نہیں ہے کہ فلم میں ان کا کردار کیا ہے کیونکہ وہ ٹریننگ کے مرحلے سے گزررہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ فلم میں بہت اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ جب کہ ہانیہ عامرکا کہنا تھا کہ ”پرواز ہے جنون“حب الوطنی پر مبنی فلم ہے۔ فلم رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔