اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزیرداخلہ کو ”ڈان نیوز“ میں شائع ہونے والی متنازع خبر کے معاملے پر تحقیقات کرکے خبر لیک کرنے والوں کے نام سب کے سامنے لانے کی اجازت دیدی ہے۔ وزیراعظم ہاﺅس میں گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماﺅں میں اتفاق ہوا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی تاکہ اداروں کے درمیان شکوک ختم کئے جاسکیں۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے اس معاملے پر اب تک ہونے والی تحقیقات سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا جس پر نوازشریف نے وفاقی وزیرداخلہ کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی غیرجانبدارانہ طریقے سے تحقیقات کرکے خبر لیک کرنے والے عناصر کا نام سب کے سامنے لائیں ذرائع کا کہنا ہے کہ متنازع خبر لیک کرنے میں بعض حکومتی عہدیدار مشکوک ہیں اس معاملے کی وجہ سے سول ملٹری تعلقات میں بھی دوریاں پیدا ہوئی ہیں۔